السلام علیکم سامعین!

سندھی لئنگویج اتھارٹی کی جانب سے تیارکردہ  سندھی اردو بول چال کے کورس کے ساتھ، میں ہوں ڈاکٹر فہمیدہ حسین۔

پچھلے سبق میں آپ نے زمانہ حال میں مختلف ضمیروں کے ساتھ جملے بنانا سیکھے۔ کچھ جملے نئے الفاظ ملاکر دہراتے ہیں۔

حسن: ماں مچھی مانی کھاں تھو۔   میں مچھلی روٹی کھاتا  ہوں۔

اساں مچھی مانی کھاؤں تھا۔        ہم مچھلی روٹی کھاتے ہیں۔

ماں مچھی مانی کھاں تھی۔  میں مچھلی روٹی کھاتی ہوں۔

اساں مچھی مانی کھاؤں تھیوں۔     ہم مچھلی روٹی کھاتی  ہیں۔

 (اسماء دہرائیں گی)

استاد:   اب دوسرا ضمیر لیتے ہیں۔ ضمیر حاضر۔ اس کا کوئی جملہ اسماء آپ بتائیے۔

اسماء:   توں بس میں چڑھیں تھو۔        تم بس میں چڑھتے ہو۔

        توھاں بس میں چڑھو تھا۔ آپ بس میں چڑھتے ہیں۔

استاد:   اب اسماء آپ ان کو مؤنث میں کہیئے۔

اسماء:   توں بس میں چڑھیں تھی۔       توھاں بس میں چڑھو تھیوں۔

استاد:   اس کے بعد حسن! آپ کوئی دوسرا جملہ بنائیے، جس میں آپ ضمیر غائب کا استعمال کریں۔ یعنی ’یہ‘، ’وہ‘ یا
’ہی‘، ’ہو‘  وغیرہ۔

حسن:  ہیءُ چھوکرو  انگور کھائے تھو۔    یہ لڑکا انگور کھاتا ہے۔

        ہی چھوکرا  انگور کھائین تھا۔      یہ لڑکے انگور کھاتے ہیں۔

        (اسماء دہرائیں گی)

استاد:   پھر اس کے بعد مؤنث کے جملے بولئے۔

اسماء:   ہیءَ چھوکری انگور کھائے تھی۔           یہ لڑکی انگور کھاتی ہے۔

        ہی چھوکریوں انگور کھائین تھیوں۔        یہ لڑکیاں انگور کھاتی ہیں۔

(حسن دہرائیں گے)

استاد:   یہ تو ہوا عام زمانہ حال جسے ہم حال مطلق بھی کہتے ہیں۔

زمانہ حال کی ایک اور قسم ہوتی ہے جسے زمانہ جاری یا استمراری کہتے ہیں، انگریزی میں Present Continuous Tense کہتے ہیں۔ جب آپ کوئی بات کر رہے ہیں تو اسی وقت کام بھی ہو رہا ہے تو اس کام کے لئے جب کچھ بولا جائے گا تو اس کو continuous  جاری یا  استمراری کہیں گے۔اس میں مسلسل یا جاری کام کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔ مثلاً:

’میں کام کر رہا ہوں‘ یا ’میں روٹی کھا رہا ہوں‘۔

’تم گھر جا رہے ہو‘  یا  ’تم اسکول سے آ رہے ہو‘۔

اسی طرح ’وہ کتاب پڑھ رہا ہے‘ یا ’ارشد مضمون لکھ رہا ہے‘ یہ تمام جملے آپ کو بتاتے ہیں کہ کام جاری ہے۔ ان صورتوں میں سندھی میں دو طرح سے جملے بنائے جاسکتے ہیں۔ ایک صورت یہ ہے:

' میں اسکول جا رہا ہوں‘، تو سندھی میں کہیں گے: ’ماں اسکول ونجاں (وڃان)پیو‘۔

آپ کو یاد ہوگا کہ (زمانہ حال مطلق کے جملے)’میں اسکول جاتا ہوں‘ کے لئے ہم نے جملہ بنایا تھا ’ماں اسکول ونجاں (وڃان)تھو‘۔ اب (جاری زمانے کے لئے) کہہ رہے ہیں ’ماں اسکول ونجاں (وڃان)پیو‘۔ تو کیا فرق ہوا؟  کہ آخر میں ہم نے ’تھو‘  کی جگہ’ پیو‘ لگادیا۔

’میں اسکول جا رہا ہوں‘، اردو میں ’جاتا ‘ سے’جا رہا‘ بن گیا، اور سندھی میں ’ونجاں (وڃان)پیو‘ کو استعمال کیا ’ونجاں (وڃان)تھو‘ کی جگہ۔

اس طرح کے جملے کے لئے سندھی میں ایک اور صورت بھی  رائج ہے جو معیاری سندھی لہجے سے ذرا سی مختلف ہے مگر غلط نہیں ہے۔ چونکہ یہ اردو کے جملے سے قریب تر ہے اس لئے اس کے بارے میں بھی میں آپ کو بتادیتی ہوں تاکہ آپ کو آسانی ہو،  وہ  یہ کہ:

 اردو میں جب کہتے ہیں ’میں کھا رہا ہوں‘ تو سندھی میں ایک صورت یہ بھی ہے کہ ’ماں کھائی رہیو آہیاں‘

یعنی ’کھا رہا‘ اور ’ کھائی  رہیو‘ میں تھوڑا  سا  فرق ہے۔

پہلا جملہ حیدرآباد کے آسپاس کے لوگ زیادہ بولتے ہیں  اور  دوسرا جملہ جو ہے وہ جب  آپ اپر سندھ کی طرف جائیں گے تو بولتا سنیں گے۔ دونوں ہی صحیح ہیں۔ آئیے اب تھوڑے سے جملے بناتے ہیں۔ تا کہ آپ کو فرق کا پتہ چلے۔

’میں کتاب پڑھ رہا ہوں‘۔ اسے کہیں گے ’ماں کتاب پڑھی رہیو آہیاں‘  اور  دوسری صورت ہوگی’ ماں کتاب پڑھاں پیو‘ یہ دو صورتیں ہیں۔ دونوں صورتوں کو آپ ایک بار دہرائیے۔ حسن آپ کہیئے۔

حسن: میں کتاب پڑھ رہا ہوں۔ ماں کتاب پڑھی رہیو آہیاں  یا   ماں کتاب پڑھاں پیو۔

(اسماء دہرائیں گے)

استاد:   ایک اور جملہ میں بتاتی ہوں، آپ اس کا ترجمہ کریں ’میں آم کھا رہا ہوں‘  اسے کس طرح کہیں گے؟

اسماء:   میں آم کھا رہا ہوں۔             ماں انب کھائی رہیو آہیاں/ ماں انب کھاں پیو۔

(حسن دہرائیں گے)

استاد:   بہرحال یہ دونوں صورتیں آپ کے سامنے ہیں، جو آپ کو آسان لگے آپ اسی کو استعمال کیجئے گا۔ آج میں نے آپ کو زمانہ حال استمراری (Present Continuous Tense) کے جملے بنانا بتائے۔ اگلے سبق میں ہم اِن کو دہرائیں گے اور باقی ضمیروں کے ساتھ بھی جملے بنائیں گے۔ تب تک کے لئے اجازت دیجئے۔ خدا حافظ۔