السلام علیکم سامعین!

سندھی لئنگویج اتھارٹی کی جانب سے تیارکردہ سندھی اردو بول چال کے پروگرام کے ساتھ، میں ہوں ڈاکٹر فہمیدہ حسین۔

سامعین اب تک ہم تیس سبق مکمل کرچکے ہیں جن میں میں نے آپ کو سندھی زبان کے بارے میں چند بنیادی باتیں بتائیں۔ مثلاً یہ کہ سندھی زبان کے الفاظ کے حروف متحرک ہوتے ہیں اور ان کے آخری حروف پر زبر،  زیر، پیش، 'الف'، 'و'، 'ی 'کی آوازیں لازماً  ہوتی ہیں۔ ان آوازوں یا حرکات کی مدد سے ہم الفاظ کو  مذکر، مؤنث، واحد، جمع میں نہ صرف پہچان سکتے ہیں بلکہ ان کی مدد سے ان میں تبدیلیاں بھی کرسکتے ہیں۔ یہ تمام آوازیں تلفظ کے لئے بھی اہمیت رکھتی ہیں۔

اس کے علاوہ ہم نے سندھی زبان کے جملے زمانہ حال اور زمانہ حال استمراری یعنی Present Tense اور Present Continuous Tense میں بنانا سکھائے۔ اس استعمال میں ہم نے ضمیر متکلم، ضمیر حاضر اور ضمیر غائب یعنی First, Second & Third Person Pronouns کے ساتھ مذکر مؤنث اور واحد جمع کے جملے بھیبنائے۔ ان کو ہم نے کئی کئی بار دہرایا بھی ہے۔ اس لئے اب ہم زمانہ حال کی ایک اور قسم کو لیتے ہیں جو ہے زمانہ حال معمولی۔ سندھی میں اسے زمانہ حال مدامیبھی کہتے ہیں۔ جس کو انگریزی میں Habitual Tense  بھی کہتے ہیں۔ جب کوئی عمل مستقل، عموماً، معمول کے مطابق یا عادت کے موجب کرتے ہیں تو اس طرح کے جملے بناتے ہیں 'میں اسکول بس میں جایا کرتا ہوں'، ’میں روز رات کو واک کیا کرتا ہوں‘،' تم ہرسال چھٹیاں منانے سوات جاتے ہو' یا جایا کرتے ہو،' تم رات کو عموماً چاول کھاتے ہو 'یا کھایا کرتے ہو۔ 'وہ عادتاً  نشہ کرتا ہے' یا کیا کرتا ہے وغیرہ۔

اس صورت میں سندھی میں جو جملے بناتے ہیں ان کی صورت کچھ اس طرح ہوگی۔

ضمیر متکلم:

میں روزانہ اسکول بس میں جاتا ہوں (یا جایا کرتا ہوں)۔   

آپ کو معلوم ہے کہ’میں جاتا ہوں‘کے لئے ’ماں ونجاں تھو‘  ہوتا ہے مگر’ میں جایا کرتا ہوں‘ کے لئے’ ماں ویندو آہیاں‘  ہوگا۔ (اس طرح جملہ بنے گا)

ماں روزانو اسکول بس میں ویندو آہیاں

میں روز رات کو واک کرتا ہوں (یا کیا کرتا ہوں)            ماں روز رات جو واک کندو آہیاں۔

استاد:   اسماء اور حسن آپ ان دونوں جملوں کو دہرائیں۔

 (اسماء اور حسن دہرائیں گے)

ضمیر حاضر:

تم ہر سال چھٹیاں منانے سوات جاتے ہو (یا جایا کرتے ہو)    توں ہر سال موکلوں ملھائڑں سوات ویندو آہیں۔

تم رات کو عموماً چاول کھاتے ہو (یا کھایا کرتے ہو)           توں رات جو عموماً چانورَ کھائیندو آہیں۔

استاد:   اسماء اور حسن آپ دونوں ان جملوں کو دہرائیں۔

 (اسماء اور حسن دہرائیں گے)

ضمیر غائب:

وہ تفریح کے لئے اکثر فلمیں دیکھتا ہے (دیکھا کرتا ہے)

ہو تفریح لائے   اکثر فلموں ڈسندو (ڏسندو)آہے (دیکھنا۔ ڈسڑں۔ڈسندو) (سندھی کی مخصوص آواز ’ڏ‘)

یہ لڑکا روز یہاں آتا ہے۔         ہی چھوکرو روز ہتے ایندو آہے

استاد:   اسماء اور حسن آپ دونوں ان جملوں کو دہرائیں۔

(اسماء اور حسن دہرائیں گے)

سامعین یہ تھا زمانہ حال مدامی یا معمولی، جس میں کسی معمول کے کام کے بارے میں بتایا گیا ہو۔  اس زمانے میں مؤنث کے جملے کیسے بنائیں گے۔  یہ بات اگلے سبق میں بتاؤں گی۔ تب تک کے لئے اجازت دیجئے-  خداحافظ۔