السلام علیکم سامعین!

سندھی لئنگویج اتھارٹی کی جانب سے تیارکردہ  سندھی اردو بول چال کے پروگرام کے ساتھ، میں ہوں ڈاکٹر فہمیدہ حسین۔

پچھلے پروگرام میں ہم نے آپ کو زمانہ ماضی میں فعل متعدی کے جملے بنانا سکھائے تھے جن میں فاعل کی صورت مختلف ضمیروں کے ساتھ جملے بنانے میں ایک جیسی رہتی ہے۔ واحد اور جمع دونوں میں آپ نے جملے بنائے  تھے۔ میں نے آپ کو یہ بھی بتایا تھا کہ کام کرنے والے یا فاعل ضمیر کے مذکر یا مؤنث ہونے کی صورت میں ضمیر اور فعل کی صورت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی۔ جیسے ’میں نے کھایا‘، ’تم نے کھایا‘، ’اس نے کھایا‘، (سندھی میں) ’موں کھادھو‘، ’تو کھادھو‘، ’ہن کھادھو‘
 یعنی  دونوں صیغوں کے لئے استعمال ایک جیسا رہتا ہے۔ البتہ اگر مفعول یا وہ چیز جس پر کام ہوا ہو، مذکر ہے تو فعل بھی مذکر ہوگا اور مؤنث ہے تو فعل کی صورت بھی اس لحاظ سے ہوگی۔

اسماء:   جیسے۔ میں نے آم کھایا۔   موں انب کھادھو

میں نے روٹی کھائی۔              موں مانی کھادھی

(حسن دہرائیں گے)

استاد:   پھر واحد سے جمع کی طرف آئے اور دیکھا کہ فعل کی صورت فاعل کے جمع میں ہونے کے باوجود تبدیل نہیں ہوتی۔ اسماء اس کی کوئی مثال آپ دے سکتی ہیں۔

اسماء:   ایک صورت یہ ہے

ہم نے آم کھایا۔         اساں انبُ کھادہو

آپ نے خط لکھا۔                توھاں خط ُ لکھیو

انہوں نے شیر مارا۔              ہنن شینہں ماریو

(دوسری صورت یہ ہے)

اسماء:   ہم نے روٹی کھائی۔              اساں مانی کھادھی۔

آپ نے چٹھی لکھی۔             توھاں چٹھی لکھی۔

انہوں نے بلی ماری۔             ہنن بلی ماری۔

(حسن اور اسماء تمام جملے دہرائیں گے)

استاد:   واحد کی طرح جمع میں بھی اگر مفعول مذکر یا مؤنث ہو تو فعل اس کے ساتھ تبدیل ہوتا جائے گا۔ اور فعل کی مطابقت مفعول کے ساتھ ہوتی ہے۔

اب کچھ جملے آپ بنا کر بتائیے۔ اِن اصولوں کے مطابق :

اسماء:   ہم نے چار سبق پڑھے۔   اساں چار سبقَ پڑھیا۔

آپ نے دو خط لکھے۔              توھاں بہ خطَ لکھیا۔       (’ت‘۔ سندھی کی مخصوص آواز)

انہوں نے تین شیر مارے۔       ہنن ٹے شینہں ماریا۔

(حسن دہرائیں گے)

استاد:   اب ایسے جملے جن میں مفعول مؤنث ہو اور جمع بھی ہو تو فعل کی مطابقت اس کے ساتھ رہے گی۔ اور یہ اردو اور سندھی میں یکساں اصول ہے۔ اب اس اصول کے تحت آپ مجھے جملوں کو مؤنث میں تبدیل کرکے بتائیے۔

ہم نے چار روٹیاں کھائیں۔       اساں چار مانیوں کھادھیوں۔

آپ نے دو چٹھیاں لکھیں۔       توھاں بہ چٹھیوں لکھیوں (’ت‘۔ سندھی کی مخصوص آواز)

انہوں نے تین بلیاں ماریں۔      ہنن ٹے بلیوں ماریوں

(حسن دہرائیں گے)

آج آپ نے دیکھا کہ زمانہ ماضی میں جملے بناتے وقت فعل متعدی Transitive verb کے جملے میں مذکر مؤنث واحد جمع میں فعل کی صورتیں کس طرح تبدیل ہوتی ہیں۔ فعل کی مطابقت فاعل سے زیادہ مفعول کے ساتھ ہوتی ہے اور اس کے صیغوں کے ساتھ بھی ہوتی ہے۔ آج کا سبق یہیں ختم کرتے ہیں۔ اجازت دیجئے خداحافظ۔